بیوی نے کہا بے شرم عورت سے ہارے توگھرمیں داخل نہیں ہونے دوں گی، خلیل الرحمان

کراچی: خلیل الرحمان قمر نے ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ میں اپنے الفاظوں پر معافی نہیں مانگوں گا اورمیری بیوی نے کہا ہے کہ اگر اس بے شرم عورت سے ہار کر آئے تو گھر میں داخل نہیں ہونے دوں گی۔

معروف مصنف خلیل الرحمان قمر تین روز قبل نجی ٹی وی چینل پر ایک ٹاک شو کے دوران سماجی کارکن ماروی سرمد کے ساتھ شروع ہونے والے تنازع پر تنقید کی زد میں ہیں۔ جب کہ بہت سے لوگوں نے ان سے معافی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران خلیل الرحمان قمر نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا میں پچھلے دو دن سے ان ہی کپڑوں میں مختلف جگہوں پر انٹرویو دے رہا ہوں۔ میری بیوی نے مجھ سے کہا اگرآپ ایسی بے شرم عورت سے  ہار کر آئے تو میں آپ کو گھر میں داخل نہیں ہونے دوں گی۔

ماروی سرمد کے بارے میں خلیل الرحمان نے کہا یہ کیا سمجھتی ہیں اپنے آپ کو، کون ہے کہاں سے آئی ہے دین کو اورپاکستان کو گالی دیتی ہے، اورمجھ سے امید کی جارہی ہے کہ میں اس سے معافی مانگوں۔ اس خاتون سے معافی مانگنے کے بجائے میں خود کو مارنا اورخودکشی کرنا پسند کروں گا۔

واضح رہے کہ  خلیل اور ماروی سرمد تنازع کے بعد نجی چینل نےٹاک شو میں خاتون سے نازیبا زبان استعمال کرنے پر معافی مانگنے تک خلیل الرحمان قمر کے ساتھ اپنا معاہدہ معطل کردیا ہے۔ خلیل الرحمان قمر نے اس چینل کے لیے 4 ڈرامے اور ایک فلم کا اسکرپٹ لکھنے کا معاہدہ کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے