حکومت کا جنوبی پنجاب صوبے کا بل قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا اعلان

اسلام آباد: حکومت نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لیے بل اسمبلی میں پیش کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ اس کے لئے دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے وفاقی و صوبائی وزرا اور آئی جی پنجاب بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے تحریک انصاف کے منشور کو سامنے رکھتے ہوئے سب سے رائے لی۔ جنوبی پنجاب کے عوام سے کئے وعدے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لیے اسمبلی میں بل پیش کیا جائے گا اور اس پر دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی کیونکہ دیگر سیاسی جماعتیں بھی یہ سمجھتی رہی ہیں کہ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ بل پاس کرنے کےلیے اتفاق رائے پیدا کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔

شاہ محمود نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کو ختم ہونا چاہیے، آبادی کے تناسب سے 35 فیصد فنڈ جنوبی پنجاب کیلئےمختص کریں گے، ماضی میں وعدے کے مطابق جنوبی پنجاب کو فنڈز نہیں ملا کرتے تھے، جنوبی پنجاب کےعوام کیلئے سیکریٹریٹ کا فیصلہ ہوا ہے، اپریل میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری، ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب تعینات کیا جائے گا۔ دونوں میں سے ایک افسر بہاولپور اور دوسرا ملتان میں موجود ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے