نیب کا شہباز شریف کے جواب پر عدم اطمینان، طلبی کا ایک اور نوٹس ارسال

قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی جانب سے بھیجے گئے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے طلبی کا ایک اور نوٹس جاری کردیا۔

نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی جانب سے بھیجا گیا جواب نامہ نامکمل ہے اور نیب ٹیم نے باہمی مشاورت کے بعد صدر مسلم لیگ (ن) کو 4 مئی کو دوپہر 12 بجے قومی احتساب بیورو کی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا طلبی کا ایک اور نوٹس ارسال کردیا۔

واضح رہے کہ نیب نے شہباز شریف کو 17 اپریل کو طلب کیا تھا تاہم مسلم لیگ (ن) کے صدر نے پیشی والے دن ہی منی لانڈرنگ کیس میں نیب کے سامنے پیش ہونے کے لیے مہلت مانگ لی تھی۔

نیب نے شہباز شریف کو مذکورہ کیس میں اپنے غیر ملکی اثاثوں اور دیگر کاروبار کی مکمل تفصیل فراہم کرنے کے لیے طلب کیا تھا۔

اس حوالے سے شہباز شریف کی جانب سے نیب کو دیے گئے جواب میں کہا گیا تھا کہ طبی ماہرین نے کووڈ 19 سے جڑے جان لیوا خطرات کے پیش نظر نقل و حرکت محدود رکھنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ وہ کینسر جیسے مرض سے لڑچکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے