شہبازشریف کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی شدید مذمت

شہبازشریف کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی شدید مذمت

 اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں  ہوشربا اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے میں کھانے پینے اور روزمرہ اشیاکی 24 قیمتوں میں 23فیصد اضافہ عوام سے ظلم، زیادتی اور بدترین استحصال ہے ، اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ ایک ہفتے میں مہنگائی کی اوسط شرح 13.64فیصد ہونا حکومت کے موجود نہ ہونے کا ثبوت ہے، غریب طبقات کے لئے مہنگائی کی شرح 17.02فیصد ہونے سے ملک میں بدترین غربت میں انتہائی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے 20کلو آٹا 58روپے مہنگا ہونے کا مطلب ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں، انڈے ، گھی، کوکنگ آئل، دال، لہسن، دودھ، دہی، چاول، گوشت کی قیمتوں میں مزید اضافہ عوام کی برداشت سے باہر ہے، گھی کی قیمت گزشتہ سال کے مقابلے میں 41فیصد، کوکنگ آئل 37، چکن 39فیصد مہنگا ہونا ظلم کی بدترین شکل ہے، انہوں نے کہا کہ بجلی گزشتہ سال کے مقابلے میں 47فیصد اورایل پی جی 46فیصد مہنگی ہوئی جو حکومتی نااہلی اور کرپشن کا شاخسانہ ہے، جوتے 33فیصد مہنگے ہونے کا مطلب ہے کہ حکمران قوم کے پیر ننگے کرنے پر تلے ہوئے ہیں، یہ ظلم کی حکومت ہے جو چل نہیں سکتی ،جس حکومت میں غریب کا چولہا نہ جلے، وہ نہیں چل سکتی تین سال میں موجودہ حکومت نے مہنگائی کے ظلم سے عوام کی صرف چیخیں نکلوائی ہیں، موجودہ حکمرانوں نے قوم کو کوئی ریلیف نہیں، صرف تکلیف دی ہے۔

Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے