ہمیں خطے کے امن کو پارہ پارہ کرنیوالی قوتوں کا راستہ روکنا ہوگا ،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

ہمیں خطے کے امن کو پارہ پارہ کرنیوالی قوتوں کا راستہ روکنا ہوگا ،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

ملتان( ویب ڈیسک )وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن ‘ استحکام اور ترقی چاہتا ہے ۔ جس کیلئے خطے کے تمام ممالک اوربالخصوص افغان رہنمائوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ خطے میں پائیدار امن کے لئے مل جل کر تعمیری کردار ادا کریں۔ افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں بھی امن ہوگا۔ خطے میں بھی امن ہوگا۔ پاکستان نے اس مقصد کیلئے شروع سے مصالحانہ کردار ادا کیا ہے اور مستقبل میںبھی کرتا رہے گا۔ کچھ قوتیں خطے کے امن کو پارہ پارہ کرنا چاہتی ہیں۔ہمیں ایسی قوتوں کا راستہ روکنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اتحاد بین المسلین کے حوالے سے مرکزی امام بارگاہ حسین آباد دولت گیٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا پاکستان سے ہر سال ایک بہت بڑی تعداد مقامات مقدسہ کی زیارات کیلئے عراق جاتے ہیں۔ عراق میں پاکستان سے جانے والے زائرین کی سہولت کیلئے نجف اشرف اور کربلا معلی میں قونصلیٹ قائم کریں گے ۔ جب کہ زائرین کی سہولت کیلئے پاکستان ہائوس بھی تعمیر کریں گے تاکہ زائرین کو وہاں رہنے کیلئے تمام سہولیات میسر کی جا سکیں۔ اس مقصد کیلئے عراقی حکومت اور عراق کے وزیر خارجہ سے خصوصی درخواست کی ہے۔ انہیں کہا ہے کہ پاکستان سے جانے والے زائرین ان کے مہمان ہیں اور ہر سال لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی عراق میں زیارات کے مقصد کیلئے جاتے ہیں جس حد تک ہو سکے ان کے انتظام و انصرام میں بہتری لائی جائے اور انشاء اللہ عراقی حکومت نے میری درخواست کا مثبت جواب دیا ہے۔انہوں نے کہا موجودہ عالمی حالات کے پیش نظر اتحاد بین المسلمین کی اس وقت شدید ضرورت ہے ۔ افغانستان کی صورتحال کے بعد ملکی سکیورٹی کے پیش نظر محرام الحرام بہت حساس ہے، شرپسند عناصر محرم الحرام میں امن خراب کرنے کے کوشش کرسکتے ہیں، ضلعی انتظامیہ و پولیس مکمل چوکس ہوکر سیکورٹی پلان پر عملدرآمد کروا رہی ہے۔ قیام امن کیلئے سیاسی قیادت سول و پولیس انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا محرم الحرام میں ملک بھر میں امن وامان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ملک بھر میں اور بلخصوص خطہ جنوبی پنجاب اور ملتان جو کہ عزاداری کا گڑھ ہے حکومت نے یوم عاشور کے حوالے سے بھر پور انتظامات کئے ہیں ۔ضلع ملتان میں ہمیشہ سے امن وامان و بھائی چارہ کی فضاء قائم رہی ہے اور مثالی امن رہا ہے۔حالیہ محرم الحرام کے دوران بھی علماء کرام و مشائخ نے حکومتی نمائندوں اور انتظامیہ سے بھر پور تعاون کیا ہے ۔جس پر ہم تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے شکر گزار ہیں اورانہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ وہ ملتان کے امن میںحسب سابق بھر پور کردار ادا کررہے ہیں۔اور ہمیں توقع ہے کہ انشاء اللہ ماضی کی طرح اس بار بھی ملتان میں ہمیشہ کی طرح امن وامان قائم رہے گا۔اور یوم عاشور باخیر خوبی گزرے گا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تقریب کے اختتام پر ملکی سا لمیت ‘ خوشحالی اور ترقی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔

Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

close