پاکستان میں امریکی سفارتخانے اور پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت نے باہمی معاشی تعلقات میں بہتری کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ کی تشکیل پر اتفاق رائے کیا ہے ۔ اس حوالے سے امریکی سفارتحانے میں تعینات قونصلر برائے معاشی امور جان کوروناڈو نے امریکی قونصل خانے کے سربراہ برائے معاشی سیکٹر سلواڈور مولینا اور کمرشل سپیشلسٹ حسن رضا کے ساتھ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کا دورہ کیا اور سرمایہ کاری بورڈ کی سربراہ ڈاکٹر ارفع اقبال سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر پنجاب میں امریکی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اہم نکات پر بات چیت کی گئی جبکہ مہمان وفد کو پنجاب میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع اور سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ امریکی نمائندہ جان کوروناڈو نے پاکستان اور امریکہ کے باہمی تجارتی و معاشی تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہ میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے اور یہ صرف ہمارے مل کر کام کرنے سے ہی ممکن ہوگا ۔ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر ارفع اقبال نے اس موقع پر کہا کہ ہ میں باہمی تعاون میں اضافے کیلئے رابطے بڑھانا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان طبی سیاحت کیلئے بہترین امریکی مارکیٹ بن سکتا ہے کیونکہ یہاں علاج معالجے کی بہترین سہولیات انتہائی ارزاں طور پر میسر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی کی صنعت میں امریکہ کیلئے بہترین معاون ثابت ہو سکتا ہے جبکہ صنعتوں کی یہاں منتقلی غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے انتہائی سود مند ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ پاکستان کو یورپی یونین اور چین جیسی مارکیٹوں میں داخلے کیلئے خصوصی مراعات حاصل ہیں ۔ ڈاکٹر ارفع اقبال نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاروں کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے منافع کی بیرون ملک منتقلی جیسے اہم شعبوں کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں ۔