فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم سے ایف پی سی سی آئی ریجنل قائمہ کمیٹی برائے ”گلاس،ایمپوئل اینڈ ٹیوبنگ“ کے وفد نے کمیٹی کنونیئر عامر سلیم بٹ کی قیادت میں ملاقات کی اور اپنے سیکٹر کو در پیش مسائل سے آگاہ کیا۔انہوں نے ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم کو اپنی انڈسٹری کو در پیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی سٹرکچر کو ٹھیک کرنے کی اشد ضرورت ہے۔گلاس ٹیوب اور ایمپوئل ایک ڈالر پر امپورٹ کرتے ہیں اور پاکستان میں اس کی ویلیو 2ڈالر پر طے کی جاتی ہے،غلط ویلیوایشن کا فوری خاتمہ کیا جائے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈی جی ویلیوایشن کے غیر قانونی اقدام،زائد امپورٹ ڈیوٹی اور غلط ویلیوایشن کی وجہ سے ایک کمپنی کی ہی اجارہ داری قائم ہے جس کی وجہ سے گلاس امپول کی کمی ہو جاتی ہے اور زندگی بچانے والی ادویات مہنگی ہو جاتی ہیں۔اس مسئلے کے حل کے لیے ایف پی سی سی آئی ہماری آواز حکومت تک پہنچائے۔ادویات پر کوئی سیلز ٹیکس نہیں ہوتا مگر ٹیوب اور ایمپوئل پر 17 فیصدسیلز ٹیکس بھی وصول کیا جاتا ہے۔ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم ریجنل قائمہ کمیٹی برائے ”گلاس، امپول اینڈ ٹیوبنگ“ کے وفد کو مسائل کے حل کی مکمل یقین دہانی کرواتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈیوٹی سٹرکچر کو فوری طور پر ٹھیک کیا جائے تاکہ جان بچانے والی ادویات مہنگی نہ ہوں۔انہوں نے مزید کہاکہ کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔