لاہور۔گیس صارفین کو درپیش مسائل کے بروقت ازالے کو یقینی بنانے کے لیے پرائم منسٹر پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو)کی ہدایات کی روشنی میں سوئی ناردرن گیس ہیڈ آفس میں اسکائپ کے ذریعے ای کچہری منعقد ہوئی جس کے دوران مینیجنگ ڈائریکٹر سوئی ناردرن گیس علی جے ہمدانی نے براہ راست صارفین کی شکایات سُنیں اور ان کے ازالے کے لیے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث اور صارفین کے تحفظ کے پیشِ نظر وزیراعظم پاکستان نے یوٹیلیٹی اداروں کو ای کچہری کے انعقاد کی ہدایات جاری کی تھیں تاکہ صارفین کی شکایات فوری طور پر حل کی جاسکیں۔ سوئی ناردرن گیس نے فوری طور پر تمام ریجنز میں ای کچہری منعقد کیں جن میں متعلقہ ریجنل ہیڈز نے صارفین کی شکایات سنیں۔ ہیڈ آفس میں منعقدہ ای کچہری میں صارفین نے نئے کنکشن کے حصول، گیس پریشر وغیرہ سے متعلق شکایات بیان کیں۔ مینیجنگ ڈائریکٹر علی جے ہمدانی نے شکایات کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کے اعلیٰ افسران کو ہدایات جاری کیں اور صارفین کو شکایات کے جلد از جلد ازالہ کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ کال کرنے والے صارفین نے ای کچہری کو انتہائی خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے صارفین کو براہ راست ایم ڈی سوئی ناردرن گیس تک اپنی آواز پہنچانے کا موقع ملا ہے۔