چیئرمین پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی سید نبیل ہاشمی کی زیر صدارت قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں صنعتی پلاٹس حاصل کرنے والوں کو سپیشل زون انٹرپرائز کا درجہ دینے کے لئے سپیشل اکنامک زون کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں سی ای او پیڈمک علی معظم سید، سی ای او پیبٹ ڈاکٹر ارفعہ اقبال، ڈائریکٹر سرمایہ کاری بورڈ عبدالسمیع، ڈائریکٹر پیبٹ ڈاکٹر سہیل سلیم سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں رومی فیبرکس، فیبریزو، پیٹپاک فلمز، کرومیٹکس، گلوبل پیکجنگ فلمز، سٹارلٹ انوویشنز ، اجمیرفوڈز، بیک پیکجنگ اور اے ایچ ایس پرائیوٹ لمیٹیڈ کو سپیشل زون انٹرپرائز کا درجہ دینے کی منظوری دی گئی۔ چیئرمین پیڈمک سید نبیل ہاشمی نے انتظامیہ کو تمام انڈسٹریل اسٹیٹس بالخصوص قائداعظم بزنس پارک سے متعلقہ ترقیاتی کام مزید تیز کرنے اور صارفین کو ون ونڈو آپریشنز کے ذریعے بروقت اور بہترین خدمات فراہم کرنے کی ہدایت کی،، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیڈمک سید نبیل ہاشمی نے کہا کہ صنعتی زونز کو سپیشل اکنامک زونز کا درجہ دینے سے صنعتی انقلاب کی راہ ہموار ہوئی ہے اور لاکھوں نئی نوکریوں کے مواقع پیدا ہورہے ہیں،، پیڈمک کے زیر انتظام بھلوال، وہاڑی، رحیم یار خان اور قائداعظم بزنس پارک کو سپیشل اکنامک زونز کا درجہ دیا گیا ہے جن میں سپیشل زون انٹرپرائزکا درجہ حاصل کرنے والی صنعتوں کو مشینری کی درآمد میں ایک بار اور دس سال تک انکم ٹیکس رعایت دی جائے گی۔