لاہور چیمبر اور ہنسلو چیمبر نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ معاہدے پر لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح اور ہنسلو چیمبر کے چیئرمین کرسٹوفر ڈارکن نے دستخط کیے۔ لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی رکن اور کنوینر اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ماحولیات تہمینہ سعید چودھری ، منیجنگ ڈائریکٹر ہنسلوچیمبر ایلن رائڈس ، لندن میں پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنرڈاکٹر فیصل عزیز احمد اور کراچی میں برطانوی سفارتخانے کے ڈپٹی ہائی کمشنر اور ٹریڈ ڈائریکٹر مائیک نیتھوریاناکس نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ مفاہمتی یادداشت کا مقصد لاہور چیمبر اور ہنسلو چیمبر کے ممبران کو تجارت و سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے میں مدد دینا اور پاکستان و برطانیہ کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات مزید مستحکم کرنا ہے۔ دونوں چیمبرز باہمی مشاورت کریں گے، تجارت و سرمایہ کاری کے مواقعوں کی نشاندہی کریں گے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط جیسے اقدامات تجارتی و معاشی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، توقع ہے کہ یہ مفاہمتی یادداشت برطانیہ اور پاکستان کے تاجروں کے درمیان تعلقات مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ لاہور چیمبر اور ہنسلو چیمبر دونوں ہی اہم ادارے ہیں لہذا یہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بھی تجارتی و معاشی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے ، دونوں ممالک دو ارب ڈالر سے زائد کی باہمی تجارت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2020ءمیں دوطرفہ تجارتی حجم 2.34ارب ڈالر رہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان فارماسیوٹیکلز، آئی ٹی ، قابل تجدید توانائی ، پروسیسڈ فوڈ ، سرجیکل آلات ، چرمی سامان ، آٹوموٹو پارٹس ، الیکٹرک وہیکلز ، موبائل فون مینوفیکچرنگ اور ریٹیل سیکٹر وغیرہ کے شعبوں میںتعاون کے فروغ کی گنجائش موجود ہے۔ چیئرمین ہنسلو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کرسٹوفر ڈارکن نے کہا کہ ہنسلو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملٹی نیشنل اور ایک ملٹی کلچرڈ چیمبر ہے، لاہور چیمبر کے ساتھ اشتراک کے دور رس نتائج برآمد ہونگے اور دونوں ممالک کے تاجروں کو فائدہ پہنچے گا۔ لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی ممبراور کنوینر اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ماحولیات تہمینہ سعید چودھری نے کہا کہ لاہور چیمبر اور ہنسلو چیمبر کے درمیان مفاہمتی یادداشت سے دونوں چیمبرز کے درمیان تعلقات کو تقویت ملے گی۔