لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف فیصل آباد روانہ ہوگئے ۔مسلم لیگ(ن) کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میاں شہباز شریف ممتاز سیاسی رہنما چوہدری شیر علی کے گھر جائیں گےاورچوہدری شیر علی کی بہو اور پارٹی رہنما عابد شیر علی کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کریں گے۔ دریں اثناپاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف نے دلیپ کمار کی وفات پر اظہار افسوس کیا اور کہاکہ پشاور کا یوسف خان بالی ووڈ میں دلیپ کمار بن کر فن کے آسمان پر برسوں چھایا رہا اور آج لیجنڈ کی صورت دنیا سے رخصت ہوا۔یوسف خان کا فنی سفر فلمی دنیا کا یادگار ترین دور ہے جس میں انہوں نے ناقابل فراموش کردار نبھائے۔ان کی بعض فلموں کو جتنی شہرت ملی، ویسی پزیرائی کسی اور کو نہ مل سکی۔انہوں نے کہاکہ دلیپ کمار کی رکن پارلیمان کے طور پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے تعلقات کے لئے کوششیں ان کی امن پسندی اور محبت کرنے والی فطرت کا مظہر تھیں ۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔