پاکستان کونسل آف سائنس اینڈ انڈسٹریل ریسرچ نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اپنے ہیلپ ڈیسک کا افتتاح کردیا ہے جس کا مقصد لاہور چیمبر کے ممبران کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔ چیئرمین پی سی ایس آئی آر ڈاکٹر سید حسین عابدی ،لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق مصباح اور سینئر نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے مشترکہ طور پر ہیلپ ڈیسک کا افتتاح کیا۔ ایگزیکٹو کمیٹی رکن حاجی محمد آصف سحربھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈاکٹر سید حسین عابدی نے کہا کہ ہیلپ ڈیسک لاہور چیمبر اور پی سی ایس آئی آر کے مابین رابطے کا کام کرے گاجس سے انہیں ایک بڑی سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کاروباری برادری کی خدمت میں پیش پیش رہنے اور ملک کی معاشی خوشحالی کے لئے کردار ادا کرنے پر لاہور چیمبر کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پی سی ایس آئی آر انڈسٹری کے ساتھ باہمی تعاون میں اضافہ کررہا ہے تاکہ انڈسٹری کو مطلوبہ سہولیات مہیا کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پی سی ایس آئی آر نے ایک آن لائن سسٹم قائم کیا ہے جس کے ذریعے صارف کہیں بھی رپورٹوں کے نتائج تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ آن لائن سسٹم لاہور چیمبر میں پی سی ایس آئی آر ہیلپ ڈیسک پر بھی فراہم کیا جائے گا۔چیئرمین نے کہا کہ حالیہ دنوں میں تحقیق اور ترقی کے لئے مختص فنڈز میں کافی اضافہ کیا گیا ہے۔لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ کاروباری برادری پی سی ایس آئی آر کو بہت زیادہ اہمیت دیتی ہے کیونکہ صنعتی شعبے کی ترقی اور فروغ میں اس کا کردار بہت اہم ہے اور ملک کی بیرونی تجارت کو فروغ دینے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی ، کمرشلائزیشن اور سٹینڈرڈز ایسے شعبے ہیں جن کو جدید ٹرین ٹیسٹنگ لیبز کے ذریعے دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ مقامی صنعتوں میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے انہیں بھرپور مدد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی ایس آئی آر پروڈکٹس ڈویلپمنٹ کے لیے انٹرپنیورز کے ساتھ بھرپور تعاون کرے جس سے جدت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2020میں عالمی مسابقتی انڈیکس کے حوالے سے پاکستان کا نمبر110 اور گلوبل انوویشن انڈیکس میں 107 ویں نمبر تھا۔ اس حوالے سے بہترین کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر اینڈ ڈی انفراسٹرکچر کی تنظیم نواور وسائل کے بہترین استعمال سے اچھے نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اپنا بہترین کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔