صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب کی پہلی سکل پالیسی کابینہ کی منظوری کیلئے تیار ہوچکی ہے جبکہ ہنرمند نوجوانوں کی ملک اور بیرون ممالک کھپت کے لئے روڈ میپ وضع کرلیا گیا ہے، ہنرمند نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے پنجاب روزگار سکیم کے تحت قرضے دیئے جارہے ہیں،آئندہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن 25 لاکھ تک آسان قرضے خود دے گی اس مقصد کیلئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں، سیالکوٹ نہ صرف پاکستان بلکہ پنجاب کا بڑا اہم شہر ہے، سیالکوٹ کے صنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے ان خیالات کا اظہار آج سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں صنعت کاروں اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چوہدری اخلاق احمد، صدر سیالکوٹ چیمبر، ایم ڈی پیسک، ڈی جی انڈسٹریز اور صنعتکار اس موقع پر موجود تھے، صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے ہنر مند نوجوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ہنر سکھائے جارہے ہیں، ٹیوٹا کے اداروں میں ہرسال 2 لاکھ 33 ہزار بچوں کو ہنرمند بنایا جارہا ہے، سینٹر آف ایکسیلینس بنائے جارہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا نے نیو ایکوسسٹم کے تحت فنی تعلیم کے روایتی نظام کو بدلہ ہے دنیا کے 130 ممالک میں رائج سی بی ٹی اینڈ اےپروگرام کو اپنایا ہے اور انڈسٹری کے ساتھ روابط بڑھانے کے لئے سکل کونسلز بنائی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کے حوالے سے پنجاب کے ہر ضلع کی اپنی پہچان ہے، پنجاب حکومت نے کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کے نئے پروگرام لارہی ہے، بوائلرز کی انسپیکشن کا تھرڈ پارٹی کا نیا نظام متعارف کراکے انسپکٹرز کی بلیک میلنگ ختم کردی ہے، پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے صنعتکاری کے عمل کو تیز کرنے کے لئے 9سپیشل اکنامک زون بنائے ہیں اور 4 سپیشل اکنامک زون نجی شعبہ میں بن رہے ہیں، سیالکوٹ میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنائیں گے اور یہاں سپورٹس گڈز انڈسٹری کے لئے میٹیریل ٹیسٹنگ لیب بھی بنائی جا رہی ہے، صنعت کاروں نے سیالکوٹ کی صنعت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا.