صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی اور سائنسی ترقی کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں ۔ اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز کی بریفنگ میں صدر مملکت نے کہا کہ عالمی سطح پر ترقیاتی پالیسیوں کا محور انسانی وسائل کی ترقی پر ہے ۔ پاکستان کو اس سلسلے جدید حکمت عملی اپنانا ہو گی ۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے جامعات اور صنعتوں کے درمیان رابطے ضروری ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ چوتھے صنعتی انقلاب کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے طلبا کو تیار کیا جائے اور تحقیق پر توجہ دی جائے ۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ ہائبرڈ اور آن لائن تعلیم کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے اور اس سلسلے میں طلبا کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ یونیورسٹی کے ریکٹر نے بریفنگ میں بتایا کہ پانچ کیمپسز میں تیرہ ہزار طلبا زیر تعلیم ہیں ۔ یونیورسٹی ہونہار طلبا سالانہ چوبیس کروڑ روپے مالی امداد پر وظائف فراہم کرتی ہے ۔ اب تک چوبیس ہزار طلبا مختلف شعبوں میں فارغ التحصیل ہو چکے ہیں ۔