بہاول نگر شہر 1904ء میں ریاست بھاول پور کے نواب محمد بھاول خان پنجم کے نام پر بسایا گیا ۔ اس کا پرانا نام روجھانوالی ہے۔ بھاولنگر کا حدود اربعہ یوں ہے : شمال میں دریائے ستلج ، چشتیاں، عارف والا، بوریوالا اور وہاڑی آتے ہیں .۔مغرب میں ہارون آباد، فورٹ عباس اور فقیر والی واقع ہیں۔جنوب میں منچن آباد اور مشرق سے جنوب کی طرف ہندوستانی علاقے فیروزپور اور بیکانیر ہیں۔ بھاولنگر میں عمومی طور پر پنجابی زبان بولی جاتی ہے ۔ سرائیکی زبان بھی بولی جاتی ہے۔ جوئیہ ، وٹو ، چشتی ، سید ،آرائیں، جٹ ، راجپوت، کمبوہ، رانا، ملکیرہ، بھٹی ، راجپوت قریشی ، ملک ،شیخ اور رحمانی بڑی برادریاں ہیں ۔ بہاولنگر ضلعی ہیڈ کوارٹر بھی ہے۔ اس کی پانچ تحصیلیں بہاولنگر، فورٹ عباس، ہارون آباد، چشتیاں اور منچن آباد ہیں۔ ضلع بہاولنگر کا کل رقبہ تقریبا 8800 مربع کلومیٹر ہے۔ اس کی انڈین بارڈر کے ساتھ طویل ترین سرحد ہے جو دریائے ستلج سے منصورہ (مروٹ) تک ہے۔