اسلام آباد (پاپولر نیوز ویب ڈیسک) سینئر صحافی ہارون الرشید کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے حملے بڑھ گئے ہیں۔92 نیوز کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ وہ جدید ترین اسلحہ استعمال کر رہے ہیں۔ بہت زیادہ ٹرینڈ لوگ ہیں اور سنائپرز ہیں،ان کو مہارت حاصل ہے،وہ رات کو دیکھنے والے آلات استعمال کر رہے ہیں،ان میںعینکیں اور دوربین شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ تو جیتی ہے مگر ایسا لگ رہا ہے سٹریٹجی میں بہت کمزوری آ گئی ہے۔اس کو دور کیا جانا چاہئیے۔ہارون الرشید نے کہا کہ میاں منشا اچانک بہت بڑے لیڈر بن گئے ہیں، میاں منشا کو نوازشریف کا فرنٹ مین کہا جاتا ہے، یہ نوازشریف کے باہر جانے کے مذاکرات میں شریک تھے، ان کو لاہور چیمبر نے پریس کانفرنس کی اجازت کیسے دی، اس کا سوشل بائیکاٹ کرنا چاہئیے۔
ہارون الرشید نے کہا کہ عمران خان چین پہنچے ہیں اور اس کے سیاسی اثرات بہت گہرے ہوں گے، معاشی اثرات بھی ہوں گے۔پاکستان کے کردار کا انحصار امریکا پر ہے، آج ان کا رویہ بدلا ہے مگر بھروسہ تو کوئی نہیں، نئی سرد جنگ میں روس اور چین اتحادی ہیں۔دوسرے ممالک بھی شامل ہو سکتے ہیں۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اس وقت چین کے دورے پر موجود ہیں۔
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سرمائی اولمپکس 2022 کا آغاز رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا، جہاں وزیراعظم عمران خان، روس کے صدر ولادیمیرپیوٹن سمیت کئی ممالک کے سربراہ شریک ہوئے۔۔افتتاحی تقریب میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ساتھ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور دیگر بھی شریک تھے۔ سرمائی اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹ محمد کریم کر رہے ہیں جو الپائن اسکی میں حصہ لیں گے۔
محمد کریم سرمائی اولمپکس میں تیسری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے جبکہ پاکستان نے مجموعی طور پر 4 مرتبہ سرمائی اولمپکس میں حصہ لیا۔پاکستان نے پہلی مرتبہ 2010 میں وینکوئیر الپائن اسکی میں حصہ لیا تھا جہاں محمد عباس نے نمائندگی کی تھی، جس کے بعد محمد کریم نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہاکہ پاکستان کی ٹیم پاکستان کا جھنڈا لہراتے ہوئے اسٹیڈیم میں داخل ہوئی، وزیر اعظم پاکستان نے تعظیماً نشست پر کھڑے ہو کر ٹیم کیلئے تالیاں بجائیں ۔
انہوں نے کہاکہ درجنوں ٹیمیں آئیں لیکن اسٹیڈیم میں اگر چین کے بعد کسی ٹیم کیلئے تالی بجی تو وہ پاکستان کی ٹیم تھی، عام چینی پاکستان سے محبت کرتا ہے اور یہ تالیاں اسی جذبے کا اظہار ہیں ۔