اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حریت رہنما کشمیر میں پانچ اگست کے اقدامات پر بھارت سے سخت نالاں ہیں، مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے نہ صرف بھارت کی ساکھ متاثر ہوئی ہے بلکہ وزیراعظم مودی کی ذاتی شخصیت بھی اس پر بھی بہت سے سوالیہ نشان اٹھائے گئے اس خفت کو مٹانے اور انٹرنیشنل امیج کو بحال کرنے کے لئے ایک کوشش کی گئی ہے۔بھارت کہتا رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر آگئے ہیں لیکن وہاں کشمیری قائدین وہاں گئے اور انہوں نے متفقہ طورپر پانچ اگست کےاقدامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے ریورس کرنے کا مطالبہ کیا ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ حریت رہنما کہہ رہے ہیں کہ جو بھارت نے غیر قانونی و غیر آئینی اقدامات کیے ہیں وہ ہمارے لئے قابل قبول نہیں ہیں ،یہ بات بھی سننے میں آئی ہے کہ جو اقدامات ہیں وہ چیلنج ہو چکے ہیں اوراس وقت بھارتی سپریم کورٹ میں اس کی پٹیشن پڑی ہے لیکن یہ اور بات ہے کہ ابھی تک اس کی شنوائی نہیں ہوئی ۔واضح دکھائی دیتا ہے کہ کل کی نشست اور حریت قیادت کے مطالبات پر انہیں کوئی ٹھوس جواب نہیں ملا ۔یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہمارا(کشمیری قیادت)کا بھارت سے اعتماد اٹھ گیا ہے اور اس اعتماد کو بحال کرنے کے لئے بھارت نے کچھ نہیں کیا جس سے لگتا ہے کہ کشمیر ی بہت غصے میں ہیں اور وہ بھارت سے سخت نالاں ہیں۔