اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال نہیں کرنے دینگے ،وزیراعظم نے امریکہ کے ساتھ نئے تعلقات کی جہت میں بیان دیا ،وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ تعلقات پر امید کا اظہار کیا ،امریکہ سے تجارت اپنے طریقے سے کریں گے ،افغانستان بارڈر پر90فیصد باڑ لگا چکے ہیں ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان نے افغان طالبان کو پہلے امریکہ اور پھر افغان حکومت کیساتھ تعلقات پر آمادہ کیا ، اب جو صورتحال وہاں پر ہے اس کا حل یہ نکلنا چاہیے کہ افغانستان میں موجود تمام دھڑوںکوامن عمل میں شامل ہوں اور افغانستان میں ایک مستحکم حکومت وجود میں آئے کیونکہ افغانستان میں امن پاکستان کیلئے بھی نہایت ضروری ہے ،یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی پوزیشن واضح کی ہے اور ہم مدد کرنا چاہتے ہیں ۔چین اور امریکہ کے درمیان جو تنائو کی کیفیت ہے 1970 کی دہائی میں پاکستان میں بھی اپنا کردار ادا کیا تھا اور ہم امریکہ چین کے درمیان تنائو کم کرانے کے لئے پاکستان ایک بار پھر تیار ہے کیونکہ دونوں ممالک اقتصادی طاقتیں ہیں اور ان کے درمیان بہترتعلقات سے پوری دنیا کو فائدہ ہو گا اور پوری دنیا میں ترقی آئے گی ۔