شہبازشریف نے پی ٹی آئی حکومت کے 3 سال کو عوامی استحصال کے بدترین سال قرار دے دیا

شہبازشریف نے پی ٹی آئی حکومت کے 3 سال کو عوامی استحصال کے بدترین سال قرار دے دیا

لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پی ٹی آئی حکومت کے تین سال کو عوامی استحصال کے بدترین سال قرار دے دئیے  اور کہا ہے کہ عوام آج تین سال پہلے کے پاکستان کو حسرت سے یاد کررہے ہیں ،نوازشریف دور کی 5.8 فیصد کی ترقی،3 فیصد مہنگائی، 35 روپے آٹا، 52 روپے کلو چینی سب یاد آرہا ہے،نوازشریف نے معیشت کو پیروں پر کھڑا کیا، آئی ایم ایف کو خداحافظ کہا، سی پیک دیا، روزگار، کاروبار دیا ۔جمعہ کو اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف نے قوم کو بجلی، گیس کے اندھیروں سے نکالا، بجلی، گیس اور کھانے پینے کی قیمتیں بھی نہ بڑھائیں،تین سال میں یہ تبدیلی آئی کہ پاکستان کو دنیا کا مہنگا ترین ملک بنادیا، افسوس صد افسوس ،پی ٹی آئی کے تین سال منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں اور مافیاز کے لئے کھاو پیو مزے اڑاو کے سال ثابت ہوئے ،’’تبدیلی‘‘ کے تین سال غریب عوام کے لئے ظلم کی تین صدیاں بن گئے مہنگائی نے ان کا زندگی کا سکھ چین چھین لیا ۔انہوں نے کہا کہ تین سال میں عوام کو صرف مہنگائی، کرپشن اور مایوسی ملی ،تین سال میں ملک اور عوام کی قسمت کھوٹی کردی گئی، مزدور، ریڑھی والے سے لے کر صنعتکار تک سب ہاتھ مل رہے ہیں ،مہنگائی نے عوام کو کچل کررکھ دیا، ٹیکسوں کی بھرمار نے کاروبار کی جان نکال دی ،نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے لیکن قیمتیں کم کرنے کے لئے عمل درآمد نہ ہوسکا ،آٹے، گندم، چینی کی برآمد اور درآمد سے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا ،پٹرول، بجلی، گیس، دوائی، سبزی، خوردنی تیل گھی تک ہر چیز مہنگی اور عوام کی پہنچ سے باہر ہوگئی ،نئے پاکستان کے دعویداروں نے عوام کو کنگال اورمقروض کردیا ۔شہباز شریف نے کہا کہ ملک پر بدترین 16000 ارب سے زائد قرض بڑھ گیا فی کس آمدنی کم ہوگئی، بے روزگاری تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ،روپے کی قدر میں تاریخی کمی کے باوجود برآمدات نہ بڑھ سکیں ،ایک کروڑ نوکری ملی نہ پچاس لاکھ گھر، پچاس لاکھ لو گ بے روزگار اور دو کروڑ خط غربت سے نیچے چلے گئے ،تین سال پہلے عوام کو دکھائے جانے والے سہانے خوابوں کی تعبیر انتہائی ڈروانی اور وحشت ناک نکلی ،تین سال میں معیشت چلی نہ کاروبار، نہ تعلیم صحت بہتر ہوئی نہ روزگار، آٹا چینی سستا ہوا نہ ہی دوائی اور علاج ،عالمی دنیا نے پاکستان کو کرپشن ، بدعنوانی اور رشوت ستانی میں ترقی کا سرٹیفیکیٹ دیا۔

Share

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

close