صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے آج جناح ہسپتال کا دورہ کیا اور جوہر ٹاون بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی-صوبائی وزیر فرداً فرداً تمام زخمیوں کے پاس گئے اور علاج معالجہ بارے دریافت کیا-صوبائی وزیر نے ہسپتال انتظامیہ کوزخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی، صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے ہسپتال میں تیمارداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اور عوام جاں بحق افراد کے ورثا اور زخمیوں کے ساتھ ساتھ کھڑی ہے- انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،معصوم زندگیوں سے کھیلنے والے درندے قرار واقعی سزا سے بچ نہیں سکتے، میاں اسلم اقبال نے کہا کہ معصوم شہریوں کے خون سے ھاتھ رنگنے والے دہشت گرد جلد منطقی انجام کو پہنچیں گے-دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم نے لازوال قربانیاں دی ہیں -مٹھی بھر دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے بہادر قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے، صوبائی وزیر نے جناح ہسپتال میں زیر علاج موٹر وے حادثے کے زخمی موسی شہزاد اور نیورو وارڈ میں داخل ملک عمران کی بھی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی-